ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی میں طلبہ کو لگی ہے ایس آر گم سے نشہ حاصل کرنے کی لت!

سرسی میں طلبہ کو لگی ہے ایس آر گم سے نشہ حاصل کرنے کی لت!

Tue, 17 Dec 2019 22:37:00    S.O. News Service

سرسی17/دسمبر (ایس او نیوز)طلبہ اور نوجوانوں میں مختلف نشہ آور چیزوں کے استعمال کی عادت اور نشے بازی کا بڑھتا ہواگراف والدین کے ساتھ ساتھ سماج کے ذمہ داران کے لئے بھی پریشانی اور تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔

عام طور پر طلبہ کو سگریٹ کشی شراب نوشی یاپھر چرس اور گانجے کی عادت پڑجاتی ہے۔ زیاد ہ مالدار قسم کے کالجوں کے طالب علم اور نوجوان کوکین، سمیک اور دوسرے مہنگی منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ کم قیمت میں زیادہ نشے حاصل کرنے کے لئے لوگ نیند کی گولیاں اور کھانسی کی دوائی کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیل پالش، پینٹ، پٹرول اور چپکانے والے سینتھیٹک ربر(ایس آر) گم کی بو کا استعمال بھی عام ہوتا جارہا ہے۔

تیز بو سے نشہ: ایک تازہ رپورٹ کے مطابق سرسی میں اسکول اور کالج طلبہ کی ایک بڑی تعداد کو ایس آر گم کی بو سے نشہ پانے کی لت لگ گئی ہے۔فیویکول کمپنی کا جو ایس آر گم ہوتا ہے وہ ایک پٹرولیم سے بننے والا پروڈکٹ ہے جس میں پٹرول جیسی ایک تیز بو ہوتی ہے۔ اس کوبڑی دیر تک سونگھنے سے اس کا اثردماغ اور مرکزی اعصابی نظام (سنٹرل نروس سسٹم) پر ہوتا ہے اور ایک عجیب سانشہ طار ی ہوجاتا ہے۔اس سے طلبہ کو ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ چرس اور گانجہ جیسی چیزوں پر پولیس کا کنٹرول ہے اور وہ ممنوعہ اشیاء میں شامل ہیں۔ وہ اسے اپنے پاس رکھنے یا استعمال کرنے کے جرم سے بچ جاتے ہیں۔ دوسرے اس نشے کی لت کے بارے میں گھر والوں کو بھی پتہ نہیں چل پاتا۔لہٰذا معلوم ہوا ہے کہ سرسی کی مختلف دکانوں پر ایس آر گم کی فروخت میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے اور اس کے زیادہ تر خریدار طالب علم ہیں۔

سرسی تک محدود نہیں: ضروری نہیں ہے کہ نشے کی یہ نئی وبا صرف سرسی اور اس کے اطراف تک ہی محدود ہو،بلکہ ہر شہر اور گاؤں میں یہ چیز عام ہو سکتی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ اس کا علم کس کو اور کہاں کہاں ہوسکتا ہے۔سرسی کے ایک اسکول میں جانچ کے دوران طلبہ کے بستوں میں ایس آر گم کے ڈبے ملنے سے یہ تشویشناک حقیقت اساتذہ کے علم میں آئی ہے۔حالات بتاتے ہیں کہ اب اسکول اور کالج کے بستوں میں کتابوں کے ساتھ ایس آر گم کی ڈبیہ بھی ایک عام سی بات ہوگئی ہے۔یہاں تک کہ اسٹیشنری کے طور پر طلبہ جو ’سفیدی والی روشنائی‘ (وہائٹنر) استعمال کرتے ہیں اس کی بو سے بھی نشہ حاصل کیا جارہا ہے۔

والدین چوکنا رہیں: بہت ہی اہم بات یہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کے چلن اور عادتوں پر گہری نظر رکھیں۔ اوراگروہ پٹرول جیسی کسی تیز بو والی چیز کا استعمال ضرورت سے زیادہ کرتے ہیں اور بلاضرورت اپنے پاس وہ چیز رکھتے ہیں تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ انہیں اس سے نشہ پانے کی عادت سی ہوگئی ہے، ا س انہیں تنہائی میں ان چیزوں کو اپنے پاس رکھنے اور بار بار اسے سونگھنے سے باز رکھنے پر پوری سنجیدگی سے توجہ دیں۔ ضرور ت محسوس ہونے پرطبی امداد اور پیشہ ورانہ کاؤنسلنگ کا سہارا لیں۔

دوسری طرف سرسی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جی ٹی نائک نے کہا ہے کہ طالب علموں کے بستوں میں ایس آر گم جیسی چیزیں ملنے اور ان سے نشہ کرنے کی بات نہایت تشویشناک ہے۔ اس طر ف والدین کو پوری طرح توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے تنبیہ کتے ہوئے کہا کہ اگراس طرح کی نشہ آور چیزیں استعمال کرنے کے واقعات آئندہ سامنے آنے پر والدین اور دکانداروں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔


Share: